نئی دہلی: 29 /اپریل(ایس اونیوز /آئی این ایس انڈیا) لوک سبھا انتخابات کے چوتھے مرحلے کا الیکشن ملک بھر کی 9 ریاستوں میں 72 سیٹوں پر مکمل ہوگئے۔ ایسے میں تمام سیاستدان اپنے بیانات اور ٹویٹر کے ذریعے ووٹروں کو لبھانے کی کوشش میں لگے نظر آ ئے۔ سابق کرکٹر اور سیاستدان نوجوت سنگھ سدھو نے بھی بالواسطہ طور پر بی جے پی حکومت کے خلاف نشانہ لگایا۔ انہوں نے ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ایک غلط ووٹ آپ کے بچوں کو چائے والا، پکوڑے والا یا چوکیدار بنا سکتا ہے، بعد میں پچھتاوے سے بہتر ہے کہ ایسوں کی روک تھام کے لئے پہلے سے تیار رہیں۔
یادرہے کہ پچھلے دنوں نوجوت سنگھ سدھو کیخلاف الیکشن کمیشن نے سخت کاروائی کرتے ہوئے انتخابی تشہیر پر72 گھنٹے کی روک لگا دی تھی۔ بتایا گیا تھا کہ نوجوت سنگھ سدھو کو بہار میں ایک انتخابی ریلی کے دوران مبینہ فرقہ وارانہ تبصرہ کا ذمہ دار مانتے ہوئے ان کے پروپیگنڈے پر 72 گھنٹے کی پابندی لگا دی گئی تھی۔